بائی پاس روڈز اور ان کے چوراہے انتہائی خستہ حالی کا شکار
بائی پاس روڈز اور ان کے چوراہے انتہائی خستہ حالی کا شکارحکومتی خزانے سے بھاری فنڈز نکلوائے گئے مگر صورتحال بہتر نہیں ہو سکی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر ) شہر کے اطراف میں بنائے گئے بائی پاس روڈز اور ان کے چوراہے انتہائی خستہ حالی کا شکار ہو کر حادثات کا سبب بن رہے ہیں، جن کی تعمیر و مرمت کے نام پرمختلف ادوار میں حکومتی خزانے سے بھاری فنڈز نکلوائے گئے مگر صورتحال بہتر نہیں ہو سکی ، جھنگ، فیصل آباد ،لاہور ،سلانوالی ،شاہین آباد اور میانوالی روڈز پر ٹریفک کے بہاؤ کنٹرول کرنے اور ہیوی ٹریفک کو شہری علاقوں کے باہر سے گزارنے کیلئے تقریباً 15 سال قبل ایک رویہ شاہرائیں تعمیر کی گئی تھیں، جو مناسب دیکھ بھال اور مسلسل نظرانداز ہونے کے باعث شدید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو رہی ہیں، جگہ جگہ گڑھے ہونے کی وجہ سے بڑی گاڑیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور شہری علاقوں میں داخل ہونے کیلئے بنائے گئے بائی پاس چوراہے بھی محکمہ ہائی ویز اور ضلعی ایڈمنسٹریشن کی بے حسی کا منہ چڑھا رہے ہیں تمام کے تمام چوراہے حادثات کے پیش نظر خطرناک بھی قرار دیئے جاچکے ہیں مزید برآں نئی ہاؤسنگ سکیموں کی تعمیر نے رہی سہی کسر پوری کر دی،ان چوراہوں پر کسی قسم کے حفاظتی اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے چاروں اطراف سے آنے والی گاڑیاں اکثر حادثات کا شکار ہو جاتی ہیں۔، علاقہ مکینوں نے حکومت پنجاب اورضلعی انتظامیہ کو اس اہم مسئلہ کو فی الفور مکمل کرنے کی اپیل کی ہے ۔