فیصل ملت ایکسپریس میں پاور وین نہ ہونے سے مشکلات
فیصل ملت ایکسپریس میں پاور وین نہ ہونے سے مشکلات لائٹس اور پنکھے بند ہونے سے خواتین اور بچوں کی حالت غیر ہوگئی
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)لالہ موسیٰ سے براستہ سرگودھا کراچی چلنے والی فیصل ملت ایکسپریس میں فیصل آباد سے لالہ موسیٰ کے درمیان پاور وین نہ ہونے کے باعث مسافروں کو شدید گرمی اور حبس میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ لائٹس اور پنکھے بند ہونے سے خواتین اور بچوں کی حالت غیر ہوگئی۔ مسافروں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ذرائع کے مطابق مسافروں کی سہولت کے لیے سرگودھا سے کراچی کے درمیان چلنے والی ملت ایکسپریس کو لالہ موسیٰ تک توسیع دی گئی ہے ، تاہم فیصل آباد سے براستہ سرگودھا لالہ موسیٰ کے درمیان ٹرین کے ساتھ پاور وین موجود نہ ہونے کے باعث بوگیوں میں بجلی کی فراہمی متاثر رہی۔مسافروں کے مطابق شدید گرمی کے دوران پنکھے اور لائٹس بند ہونے سے انہیں سخت اذیت کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ خواتین اور بچوں نے بھی شدید پریشانی کا اظہار کیا۔ اندھیرے میں سفر کرنے والے مسافروں نے ریلوے حکام کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ٹرین کے ساتھ فوری طور پر پاور وین فراہم کی جائے تاکہ لائٹس اور پنکھے چل سکیں اور مسافروں کو بنیادی سفری سہولیات میسر آسکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments