قرض کی اقساط کے بدلے لاکھوں کے زیورات ہتھیانے کا الزام
قرض کی اقساط کے بدلے لاکھوں کے زیورات ہتھیانے کا الزامواقعے سے متعلق ویڈیوز اور واٹس ایپ چیٹ بھی بطور ثبوت حاصل کرلی گئی
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)قرض کی باقی ماندہ اقساط کی عدم ادائیگی پر این آر ایس پی کے اہلکاروں کی جانب سے خاتون سے مبینہ طور پر لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات بطور سکیورٹی حاصل کرکے واپس نہ کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی جبکہ واقعے سے متعلق ویڈیوز اور واٹس ایپ چیٹ بھی بطور ثبوت حاصل کرلی گئی ہیں۔ داود نگر چک نمبر 50 شمالی کے تنویر کی اہلیہ صائمہ تنویر نے این آر ایس پی سے 50ہزار روپے قرض لیا تھا، جس کی وہ 5 ہزار روپے ماہانہ اقساط ادا کررہی تھی۔ آخری دو اقساط کی رقم دستیاب نہ ہونے پر 18 مئی 2026 کو این آر ایس پی کے اہلکار اس کے گھر پہنچے اور قرض کی رقم کی ادائیگی کے لیے دباؤ ڈالا۔متاثرہ خاتون کے مطابق اہلکاروں نے رقم نہ ہونے کی صورت میں کوئی قیمتی چیز بطور سکیورٹی دینے کا مطالبہ کیا، جس پر اس نے دو سونے کی بالیاں، ایک انگوٹھی اور چار ٹاپس ان کے حوالے کیے ، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 10 لاکھ 50 ہزار روپے ہے۔ بعدازاں ایریا مینیجر سیف اللہ کو معاملے سے آگاہ کیا۔ اس کے بعد ایک سونے کی انگوٹھی اور ایک جوڑی ٹاپس واپس کردی گئی، تاہم ایک جوڑی سونے کے جھمکے اور ایک جوڑی ٹاپس، جن کی مالیت تقریباً 6 لاکھ 80 ہزار روپے بتائی گئی، واپس کرنے سے انکار کردیا گیا۔پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments