ٹیکس نیٹ میں اضافہ کے اقدامات غیر تسلی بخش قرار
سول ایڈمنسٹریشن ٹیکس نیٹ بڑھانے ، سیلز ٹیکس قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے مؤثر نتائج سامنے لانے میں کامیاب نہیں ہو سکی
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)سرگودھا ریجن میں رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران ٹیکس نیٹ میں توسیع، سیلز ٹیکس قوانین پر عمل درآمد اور نئے سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے حکومتی اقدامات پر پیش رفت غیر تسلی بخش ہونے پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت کی واضح ہدایات کے باوجود سول ایڈمنسٹریشن ٹیکس نیٹ بڑھانے ، سیلز ٹیکس قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے تاحال مؤثر نتائج سامنے لانے میں کامیاب نہیں ہو سکی، جس کے باعث متعلقہ ریونیو اہداف کے حصول میں مشکلات پیدا ہونے کا خدشہ ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے لیے کاروباری حلقوں کو قواعد و ضوابط سے آگاہ کرنے ، نئے ٹیکس دہندگان کو نظام میں شامل کرنے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے مؤثر حکمت عملی کے فقدان کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔ اسی طرح سول سوسائٹی میں سیلز ٹیکس اور سرمایہ کاری سے متعلق خدشات دور کرنے کے لیے جاری کردہ رہنما اصولوں پر بھی مطلوبہ توجہ نہیں دی جا رہی۔حکومت کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ ٹیکس نیٹ میں اضافے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سیمینارز اور ورکشاپس منعقد کیے جائیں، کاروباری برادری کو ضروری رہنمائی فراہم کی جائے اور متعلقہ محکموں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنا کر عملی اقدامات کیے جائیں۔دوسری جانب انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ مہنگائی اور موجودہ معاشی حالات کے باعث حکومتی ہدایات پر عمل درآمد میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ تاہم ٹیکس نیٹ میں اضافے کے مقررہ اہداف، اب تک ہونے والی پیش رفت اور ضلعی سطح پر کیے گئے اقدامات کی تفصیلات سامنے نہ آنے سے صورتحال پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق پہلی سہ ماہی کے نتائج کی روشنی میں متعلقہ افسران کی کارکردگی کا جائزہ لینے اور ٹیکس وصولیوں میں اضافے کے ساتھ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ضروری ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments