وزیراعلیٰ کے دورہ خوشاب کی افواہ، انتظامیہ متحرک، صفائی

  وزیراعلیٰ کے دورہ خوشاب کی افواہ، انتظامیہ متحرک، صفائی

تجاوزات کے خاتمے اور راستوں کی کلیئرنس کے لیے ہنگامی اقدامات

خوشاب (نمائندہ دنیا) صوبائی حکومت کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ، بدعنوانی کے خاتمے اور اداروں کی تطہیر کے لیے اٹھائے جانے والے فوری اور مؤثر اقدامات کے تناظر میں وزیراعلیٰ پنجاب کے دورہ خوشاب کی مبینہ خبر نے انتظامیہ کی دوڑیں لگوا دیں۔ضلعی ہیڈکوارٹر جوہر آباد میں ستھرا پنجاب پروگرام، واسا اور پیرا فورس سمیت تمام ادارے متحرک ہوگئے اور پورے شہر میں صفائی، تجاوزات کے خاتمے اور راستوں کی کلیئرنس کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کر دیے گئے ۔ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتال جوہر آباد، ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی سمیت ضلعی و تحصیل سطح پر کام کرنے والے تمام اداروں کے سربراہان نے افسران کو دفاتر میں حاضری یقینی بنانے اور کسی ممکنہ ہنگامی صورت حال کے پیش نظر دفتری ریکارڈ اپ ڈیٹ اور شفاف رکھنے کی ہدایات جاری کر دیں۔ یوں انتظامیہ وزیراعلیٰ کے دورے کی منتظر رہی۔تاہم عین وقت پر انکشاف ہوا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دورہ خوشاب کے حوالے سے نہ تو کوئی شیڈول جاری ہوا تھا اور نہ ہی ان کی ضلع خوشاب آمد کا کوئی امکان تھا۔ضلع خوشاب کے عوامی حلقوں نے ان تیاریوں کو وی آئی پی موومنٹ کی ایک ریہرسل قرار دیتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر ایسی مشقوں کا سلسلہ جاری رہا تو ممکن ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے حقیقی دورہ خوشاب کے دوران بھی اسے محض ریہرسل سمجھ کر کوئی ان کے استقبال کے لیے باہر نہ نکلے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...