کینو کی قیمت پر کسانوں اور فیکٹری مالکان میں تنازع شدید
فیکٹری مالکان کسانوں کی مجبوری سے فائدہ اٹھاتے ، انڈسٹری بند کرنے کی دھمکیاں
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) کینو انڈسٹری کے حوالے سے کسانوں اور فیکٹری مالکان کے درمیان قیمتوں کا تنازع شدت اختیار کرنے لگا ہے ۔ کسان حلقوں نے کینو کی خریداری میں مبینہ من مانی، اجارہ داری اور کسانوں کو کم قیمت دینے کے خلاف شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔کسانوں کا کہنا ہے کہ زمین، محنت، سرمایہ، کھاد، ڈیزل، زرعی ادویات اور آبپاشی کے تمام اخراجات برداشت کرنے کے بعد جب فصل تیار ہوتی ہے تو فیکٹری مالکان کسانوں کی مجبوری سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔ مناسب قیمت کا مطالبہ کرنے پر مارکیٹ میں بحران، بارڈر کی بندش اور کاروباری مشکلات کا جواز پیش کیا جاتا ہے ، جبکہ اب پوری انڈسٹری بند کرنے کی دھمکیاں بھی دی جا رہی ہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ سمجھ نہیں آتی کہ منافع کے وقت صنعت کاروں کا حصہ زیادہ اور نقصان کے خدشے پر سارا بوجھ کسانوں پر کیوں ڈال دیا جاتا ہے ؟کسان حلقوں کا کہنا ہے کہ کینو انڈسٹری چند فیکٹری مالکان کی جاگیر نہیں بلکہ اس کی بنیاد کسان کی محنت اور پیداوار ہے ۔ لہٰذا حکومت فوری مداخلت کرتے ہوئے مبینہ کسان دشمن اجارہ داری کا خاتمہ، خریداری کے عمل میں شفافیت، کسانوں کے استحصال کی روک تھام اور پیداواری لاگت کے ساتھ مناسب منافع کو مدنظر رکھتے ہوئے کینو کی منصفانہ قیمت یقینی بنائے ۔ان کا کہنا ہے کہ کسان کو اس کی فصل کا جائز معاوضہ دینا کسی کا احسان نہیں بلکہ اس کا بنیادی حق ہے ۔ اگر کسان معاشی دباؤ کے باعث کینو کی پیداوار سے دستبردار ہونے پر مجبور ہوگیا تو اس کے اثرات پوری کینو انڈسٹری اور ملکی معیشت پر مرتب ہوں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments