سنوکر کلب جوئے کے اڈوں کی آماجگاہوں میں تبدیل
سنوکر کلب جوئے کے اڈوں کی آماجگاہوں میں تبدیل پابندیوں کی مبینہ خلاف ورزیوں کے باوجود کھلے عام سرگرمیاں جاری
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) اندرون شہر بالخصوص سٹی ایریا میں قائم سنوکر کلب تفریحی مراکز کے بجائے مبینہ جوئے کے اڈوں اور جرائم پیشہ عناصر کی آماجگاہوں میں تبدیل ہونے لگے ، حکومتی پابندیوں اور ضابطوں کی مبینہ خلاف ورزیوں کے باوجود کھلے عام سرگرمیاں جاری، نوجوان نسل کا مستقبل داؤ پر لگ گیا، سکولوں سے غیر حاضر طلبہ کی بڑی تعداد بھی سنوکر کلبوں کا رخ کرنے لگی جبکہ کلبوں میں معمولی تلخ کلامی پر جھگڑوں اور تشدد کے واقعات نے شہریوں میں تشویش پیدا کر دی۔ شہری علاقوں میں قائم ان سنوکر کلبوں میں مبینہ طور پر بڑے پیمانے پر جوا کھیلے جانے اور جرائم پیشہ عناصر کے جمع ہونے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں، چند روز قبل بھی اندرون شہر ایک سنوکر کلب میں جھگڑے کے بعد دونوں فریق کلب سے باہر نکل آئے اور ایک دوسرے پر حملہ کر دیا، واقعے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، تاہم اس کے باوجود صورتحال پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات دکھائی نہیں دے رہے ۔ تشویشناک پہلو یہ ہے کہ سکولوں کے اوقات کار کے دوران طلبہ کی بڑی تعداد تعلیمی اداروں سے غیر حاضر ہو کر ان کلبوں میں وقت گزارتی دکھائی دیتی ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments