صفائی ستھرائی عملہ غائب، گلیوں میں گندگی کوڑے کے ڈھیر اور ابلتے گٹر

صفائی ستھرائی عملہ غائب، گلیوں میں گندگی کوڑے کے ڈھیر اور ابلتے گٹر

متعدد علاقوں میں یہی صورتحال ،گلیوں میں باقاعدگی سے جھاڑو لگائی جا رہی اور نہ کوڑا اٹھایا جا رہا گندا پانی سڑکوں پر جمع ، تعفن پھیلنے لگا، شہری پریشان

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرگودھا سمیت ریجن بھر میں صفائی ستھرائی کے بڑے بڑے دعووں کے باوجود شہری آبادیوں کی متعدد گلیاں آج بھی گندگی، کوڑے کے ڈھیروں اور گٹر کے ابلتے پانی کے رحم و کرم پر ہیں، جہاں صفائی کا عملہ مبینہ طور پر اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے بجائے من پسند مقامات تک محدود ہو کر رہ گیا ہے ،شہری آئے رو ز تحریری درخواستوں میں اس تلخ حقیقت کو بے نقاب کررہے ہیں کہ صفائی کا مسئلہ کسی ایک محلے تک محدود نہیں بلکہ شہریوں کے مطابق شہر کے متعدد علاقوں میں یہی صورتحال دکھائی دیتی ہے ۔ گلیوں میں نہ باقاعدگی سے جھاڑو لگائی جا رہی ہے ، نہ کوڑا اٹھایا جا رہا ہے اور نہ ہی گٹروں کی صفائی کی جا رہی ہے ، جس کے باعث گندا پانی سڑکوں پر جمع رہتا ہے ، تعفن پھیلتا ہے اور اہلِ علاقہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ درخواست گزاروں کا الزام ہے کہ صفائی کا عملہ روزانہ علاقے سے گزرتا ضرور ہے مگر مبینہ طور پر چند مخصوص گھروں اور گلیوں میں محدود وقت کے لیے کام کرکے واپس چلا جاتا ہے ، جبکہ دیگر آبادیوں کو نظرانداز کر دیا جاتا ہے ؛ شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ کہیں صفائی کے معاملے میں سیاسی وابستگی، دھڑے بندی یا بااثر افراد کی ترجیحات تو آڑے نہیں آ رہیں،بعض علاقوں میں ایک ہفتے بعد تو بعض علاقوں میں پندرہ پندرہ یوم بعد عملہ آتا ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...