سیالکوٹ:ایل پی جی کی غیر قانونی ریفلنگ ،5 سٹیشن سیل
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر)محکمہ سول ڈیفنس سیالکوٹ نے کینٹ پولیس سٹیشن کے قریب اور شہر کے دیگر علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے غیر قانونی ڈی کینٹنگ پر 5 مزید ایل پی جی سٹیشنز کو سر بمہر کر دیا جبکہ 3 سٹیشنز سے ڈی کینٹنگ کا سامان ضبط کر لیا۔
ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر غیر قانونی ڈی کینٹنگ کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے اور روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔ ڈسٹرکٹ آفیسر سول ڈیفنس خالد شہزاد نے بتایا کہ کاروائیاں تعزیرات پاکستان کی دفعات 286 اور 287 کے تحت عمل میں لائی گئی ہیں جن کے تحت بلا مجاز، غیر قانونی طور پر اور بے احتیاطی سے آتش گیر مواد رکھنے اور بیچنے پر کارروائی ہوتی ہے ۔ ایف آئی آر کی صورت میں 6 ماہ تک سزا اور جرمانہ دونوں ہو سکتے ہیں۔ اسی طرح اوگرا آرڈیننس 2002 کی دفعات 26 اور 44 کے تحت بھی غیر قانونی ڈی کینٹنگ کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کارروائیاں شہر کے مختلف حصوں میں محکمہ سول ڈیفنس کی ٹیموں نے کی ہیں۔