129 مقدمات میں ملوث 2 بھائیوں سمیت 6 ڈاکو مبینہ مقابلوں میں ہلاک

129 مقدمات میں ملوث 2 بھائیوں سمیت 6 ڈاکو مبینہ مقابلوں میں ہلاک

قصور ،اوکاڑہ،چک امرو میں مقابلے ،ملزموں کے ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیابتنویر ، علی رضا ، ذیشان ، مشہود عرف مشرو ،ساجد ،کفیل شامل،مشرو کے سر کی قیمت10لاکھ مقرر تھی

قصور،اوکاڑہ ،تلونڈی،چک امرو (نمائندہ دنیا ،خبرنگار،نامہ نگاران )قصور ،اوکاڑہ اور شکرگڑھ میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران دوبھائیوں سمیت ڈکیتی کی وارداتوں کے 6 ملزم ہلاک ہوگئے ۔ قصور میں 3 ، اوکاڑہ میں 2 بھائی جبکہ چک امرو میں ایک ملزم مارا گیا، سی سی ڈی ترجمان کے مطابق سی سی ڈی ٹیم نے مشتبہ ڈاکوؤں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی تو پولیس ٹیم پر فائرنگ شروع کردی گئی ، جوابی کارروائی پرتین  خطرناک ڈاکو مارے گئے جبکہ ان کے ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے ۔ہلاک ڈاکوؤں کے نام تنویر احمد ، علی رضا اور ذیشان حیدر بتائے گئے ہیں، سی سی ڈی حکام کے مطابق ہلاک ڈاکو گھروں میں ڈکیتی اور دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث تھے ، فرار ہونے والے ملز موں کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں اور مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں ، پولیس حکام کے مطابق تنویر 17، ذیشان 10 اور علی رضا 12 سنگین مقدمات میں قصور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ اور اوکاڑہ کے مختلف تھانوں کو مطلوب تھے ۔ دوسری طرف تھانہ گوگیرہ کے علاقے ٹھٹھہ روشن کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں 2 ڈکیت بھائی ہلاک ،

دو فرار ہوگئے ،پولیس نے ناکہ بندی کر رکھی تھی کہ چار ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی،جوابی کارروائی میں دو ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر مارے گئے ، جن کی شناخت مشہود عرف مشرو اور ساجد کے نام سے ہوئی ہے دونوں سگے بھائی تھے ۔ پولیس کے مطابق مشہود عرف مشرو انتہائی خطرناک اور ریکارڈ یافتہ ڈاکو تھا جس کے سر کی قیمت 10 لاکھ روپے مقرر تھی۔ دونوں ملزمان قتل، اقدام قتل، پولیس مقابلوں، ڈکیتی، مویشی چوری اور دیگر سنگین وارداتوں سمیت 50 سے زائد مقدمات میں مطلوب تھے ،چک امرو میں سی سی ڈی شکرگڑھ کیساتھ مبینہ مقابلے میں ڈاکو مارا گیا، تھانہ شاہ غریب کے علاقے میں گاؤں سمرواں کے پاس مقابلہ ہوا جس میں بد نام زمانہ ڈاکو کفیل عرف سنی اپنے ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا اس کے خلاف قتل ڈکیتی رہزنی کے 40 مقدمات درج تھے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں