مچھ اور بولان میں حادثات 12 افراد جاں بحق، 31 زخمی
مچھ، ڈھاڈر(نامہ نگاران)بولان میں قومی شاہراہ پر ٹرک اور مسافر ویگن کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق جبکہ بچوں اور خواتین سمیت 30 سے زائد مسافر زخمی ہوگئے حادثے کے باعث مسافر ویگن کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں متعدد مسافر شدید زخمی ہوئے۔
حادثے کے بعد ایف سی، پولیس، سول ہسپتال مچھ کی ریسکیو ٹیم، طبی عملے، مچھ بازار کے میڈیکل سٹورز کے ملازمین، سائبان ویلفیئر مچھ کے رضاکاروں، انتظامیہ اور شہریوں نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر سول ہسپتال مچھ منتقل کیا گیا، جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ بعدازاں شدید زخمیوں کو مزید علاج کے لیے کوئٹہ منتقل کیا گیا ایمبولینسز کی کمی کے باوجود مچھ کے شہریوں نے اپنی نجی گاڑیوں کے ذریعے زخمیوں کو کوئٹہ پہنچانے میں بھرپور کردار ادا کیا۔ بولان میں کندلانی کے قریب کار اور مزدا میں تصادم چار افراد ہلاک ایک زخمی ہو ا ۔تفصیلات کے مطابق بولان نیشنل ہائی وے کندلانی کے قریب مزدا ٹرک اور آلٹو کار میں شدید تصادم جسکے نتیجے میں کار میں سوار ایک بچے سمیت چار افراد جان کی بازی ہار گئے ۔بتایا جاتا ہے کہ ٹرک کوئٹہ سے نقل مکانی کر کے سبی آنیوالے خاندان کو لا رہا تھا جبکہ کار سبی سے کوئٹہ جا رہی تھی کہ المناک حادثہ پیش آ گیا جاں بحق افراد کا تعلق سبی سے بتایا جاتا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments