صدر آصف زرداری سے بینکنگ محتسب پاکستان سراج الدین عزیز کی ملاقات ، سالانہ رپورٹ پیش کی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری سے بینکنگ محتسب پاکستان سراج الدین عزیز نے ملاقات کی، بینکنگ محتسب نے صدرمملکت کو ادارے کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔

صدر ِمملکت نے بینکنگ صارفین کو 1.26 ارب روپے کا مالی ریلیف فراہم کرنے پر بینکنگ محتسب کی کارکردگی کو سراہا، انہوں نے ادارے کے قیام سے لیکر اب تک شکایت کنندگان کو 6.4 ارب کا مجموعی ریلیف دینے پر بھی سراہا۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ سال 2023 ء میں بینکنگ محتسب کا 25 ہزار سے زائد شکایات پر کارروائی کرنا خوش آئند ہے، صدر مملکت نے بینک فراڈ متاثرین کو فوری انصاف کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ بینکنگ محتسب لوگوں کو بلا قیمت انصاف کی فراہمی، گڈ گورننس کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، شکایات کے جلد ازالے کیلئے جدید ٹیکنالوجی اپنانے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ بینکوں کی بدانتظامی کے خلاف بینکنگ محتسب کے کردار اور خدمات بارے آگاہی پیدا کرنا ہوگی، بینکنگ محتسب بارے آگاہی سے زیادہ سے زیادہ لوگ خدمات سے مستفید ہوسکیں گے۔

ملاقات میں بینکنگ محتسب نے بینک صارفین کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے بینکنگ محتسب کے کردار اور کارکردگی پر روشنی ڈالی۔

بینکنگ محتسب سراج الدین عزیز نے کہا کہ حال ہی میں آن لائن پورٹل کا صارف دوست نظام متعارف کرایا ہے، آن لائن پورٹل سے شکایت کنندگان کو اپنی شکایات کے اندراج میں آسانی میسر آئے گی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں