میڈرڈ اوپن : آندرے روبلوف، ٹیلرفریٹز اور فیلکس اوجرالیاسائم سیمی فائنل میں پہنچ گئے

سپین : (ویب ڈیسک ) روسی نامور ٹینس سٹار آندرے روبلوف ،امریکا کے ٹینس کھلاڑی ٹیلر فریٹزاورکینیڈا کے ٹینس کھلاڑی فیلکس اوجرالیاسائم اپنی فتوحات کے سلسلے کو برقرار رکھتے ہوئے میڈرڈ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں مردوں کے سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے ۔

اے ٹی پی کے زیر اہتمام میڈرڈ اوپن کے دلچسپ مقابلے سپین کے دارالحکومت میڈرڈ کے وینیو پارک منزاناریس میں جاری ہیں جن میں شائقین ٹینس کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

مردوں کے سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل راؤنڈ کے میچ میں روسی ٹینس سٹار آندرے روبلوف نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ہسپانوی ٹینس سٹار ایونٹ کے سیکنڈ سیڈڈ اور دفاعی چیمپئن کارلوس الکاراز کو 6-4، 3-6 اور 2- 6سے شکست دے کرنہ صرف ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا بلکہ سیمی فائنل راؤنڈ کے لئے بھی کوالیفائی کرلیا۔

امریکی ٹینس سٹار ٹیلر فریٹز نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ارجنٹائن کے حریف کھلاڑی فرانسسکو سیرونڈولو کو 1-6، 6-3 اور 3-6 سے ہرا کر ٹاپ فور کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

کینیڈا کے ٹینس کھلاڑی فیلکس اوجرالیاسائم کواٹلی کے ٹاپ سیڈڈ جینک سنر کے خلاف واک اوور مل گیا۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں