وزیراعظم معاشی پلان کے تحت ترسیلات زر 60 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم معاشی پلان کے تحت ترسیلات زر 60 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کر لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق خلیجی ممالک سمیت یورپی ممالک میں 26 کمیونٹی ویلفیئر اتاشی کی تعیناتی آئندہ ماہ ہو گی، 2034 تک ترسیلات 32 ارب ڈالر سے بڑھا کر 60 ارب ڈالر مقرر کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سول ملٹری فورم ایس آئی ایف سی اووسیز کیلئے اہم کردار ادا کر رہی ہے، اوورسیز پاکستانیوں کو ٹیکنالوجی زونز میں سرمایہ کاری کیلئے مراعات اور پروٹیکشن ملے گی، ٹیکنالوجی زونز میں سرمایہ کاری کرنے والے اوورسیز پاکستانیوں کو بلیو پاسپورٹ جاری کیے جائیں گے۔

خلیجی ممالک سمیت یورپ سے ترسیلات زر کا ٹارگٹ بڑھانے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں، ترسیلات زر میں ہر سال 10 فیصد سے زائد اضافہ کیا جائے گا، سعودیہ، دبئی، قطر، انگلینڈ، نیویارک اور دیگر ممالک میں 26 کمیونٹی ویلفیئر اتاشی تعینات ہوں گے۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق 6 اتاشی سعودیہ، 2 دبئی، 2 قطر اور باقی یورپین ممالک سمیت دیگر ممالک میں تعینات کیے جائیں گے، یورپی یونین تعاون سے سکلڈ لیبر بڑھانے کیلئے تکنیکی پروگرامز اور ٹریننگ شروع کرائی جائے گی۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ تکنیکی پروگرامز اور ٹریننگ کیلئے ملک میں 50 سے زائد نئے سکلڈ سنٹر بنائے جا رہے ہیں، کمیونٹی ویلفیئر اٹیچی روزگار کے مواقع، نئے بزنسز، نئی مارکیٹس اور نئے منزلیں تلاش کریں گے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں