بلوچستان: ہائیڈروپونکس منصوبے کی منظوری، دس اضلاع میں آغاز کا فیصلہ
بلوچستان: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت کوئٹہ میں پی ایس ڈی پی سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں صوبے میں ہائیڈروپونکس اور باغبانی کے فروغ کے اہم منصوبے کی منظوری دے دی گئی۔
کوئٹہ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں ہائیڈروپونکس کی سہولیات کے قیام اور باغبانی کے فروغ کے منصوبے کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں صوبائی وزراء شعیب نوشیروانی اور نور محمد دمڑ نے شرکت کی جبکہ صادق عمرانی اور علی حسن زہری ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہائیڈروپونکس منصوبہ ابتدائی طور پر بلوچستان کے دس اضلاع میں شروع کیا جائے گا جبکہ منصوبے کی کامیابی کی بنیاد پر اسے مرحلہ وار دیگر اضلاع تک توسیع دی جائے گی، پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں صوبے کے آبپاشی منصوبوں کی پیش رفت کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا اوربلوچستان میں جاری ڈیمز کے منصوبوں سے متعلق حکام نے جامع بریفنگ دی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ کم پانی سے زیادہ پیداوار حاصل کرنا جدید زراعت کی بنیادی ضرورت ہے اور زرعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا فروغ صوبائی حکومت کی ترجیح ہے، ہائیڈروپونکس منصوبہ بلوچستان کے کسانوں کے لیے نئی معاشی راہیں کھولے گا اور صوبے کی زرعی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آبپاشی اور ڈیمز کے منصوبے صوبے کے زرعی مستقبل کے ضامن ہیں، گوادر میں زیر تعمیر ڈیمز کو صرف آبنوشی کے مقاصد کے لیے استعمال میں لایا جائے گا، گوادر میں گزشتہ دو سال سے زائد عرصے سے بارشیں نہ ہونے کے باعث پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے جس کے حل کے لیے فوری اقدامات ضروری ہیں۔
سرفراز بگٹی نے پائیدار ترقی کے لیے مؤثر منصوبہ بندی کے ساتھ عملی اقدامات پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ گوادر میں زیر تعمیر ڈیمز کے منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے۔