پنجاب میں امتحانی نظام تمام صوبوں سے بہتر، سنٹر نہیں بکتا: عظمیٰ بخاری
لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں امتحانی نظام تمام صوبوں سے بہتر ہے، پنجاب میں پورا پورا امتحانی سنٹر نہیں بکتا۔
وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم کی جانب سے اے پی ایس کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں، پاکستان کی تاریخ میں 16دسمبر2014کا دن بھلایا نہیں جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں اب بھی دہشت گردی کی لہر چل رہی ہے، افواج پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑرہی ہیں، اے پی ایس کے شہدا کیلئے دلی دعائیں کرتے ہیں۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے گورننس، شفافیت اور میرٹ کا نیا ماڈل متعارف کرایا، برمنگھم میں گورنمنٹ وزیراعلیٰ مریم نوازکاگورننس ماڈل لاگو کرنا چاہتی ہے، دنیا میں وزیراعلیٰ مریم نواز کے پنجاب کی مثالیں دی جارہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ روالپنڈی میں دوسرے آئی ٹی سٹی بنانے کی منظوری دے دی گئی، پہلا آئی ٹی سٹی لاہور میں بن رہا ہے، گوجرانوالہ میں نیا کارڈیالوجی ہسپتال بننے جارہا ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز نے 720محنت کشوں کے فلیٹس کی قرعہ اندازی کی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہاکہ جلد محنت کشوں کو فلیٹس کی چابیاں دی جائیں گی، مزید 1872فلیٹس 18ماہ میں مکمل ہوں گے، بیواؤں اور سپیشل افراد کو بغیر قرعہ اندازی کے فلیٹس دیئے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پنجاب نے گندم کی پیداوار میں نیا ریکارڈ بنایا، پنجاب نے گندم کی پیداوار میں ٹارگٹ پورا کیا، پنجاب میں صرف کام نہیں بلکہ معجزات ہورہے ہیں۔
دوسرے صوبے اپنا گندم کا ہدف پورا نہیں کر پا رہے: عاشق کرمانی
اس موقع پر صوبائی وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ یوریا کھاد آج بلیک میں فروخت نہیں ہورہی، میرے ضلعے میں کھاد دکانوں پر دستیاب نہیں تھیں، پنجاب کی ضرورت 1کروڑ40لاکھ ایکڑ گندم پر پوری ہوجاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب دوسرے صوبوں کو گندم دیتا ہے، دوسرے صوبے اپنا گندم کا ٹارگٹ پورا نہیں کر پا رہے، اس بار مونجھی کی باقیات 70فیصد کم جلی ہیں، جب ہم آئے تو پنجاب میں صرف 300سپر سیڈرز تھے، آج پنجاب میں 5ہزار 300سپر سیڈرز ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اگلے سال پنجاب میں 10ہزارسے زائد سپر سیڈرز ہوں گے، لوگ دعویٰ کرتے تھے پنجاب میں گندم کا ایک ایکڑ نہیں ملے گا، پنجاب میں ایک کروڑ 67لاکھ ایکڑ پر گندم کاشت کی گئی، ہم 10لاکھ کاشتکاروں کو ڈھائی سوارب روپے کسان کارڈ کی صور ت میں دے چکے ہیں۔