وزیراعلیٰ کے پی کا شہید فورسز کے ورثاء کیلئے مالی امداد بڑھانے کا اعلان
پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے مئی 2025 کے بھارتی بزدلانہ حملے میں شہید ہونے والے فورسز کے ورثاء کے لیے مالی امداد میں مزید اضافے کا اعلان کر دیا۔
وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی سے مئی 2025 کے بھارتی بزدلانہ حملے میں خیبر پختونخوا سے فورسز شہداء کے ورثاء کی ملاقات ہوئی، انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت شہداء کے اہلخانہ کے ساتھ ہر قدم پر مکمل تعاون کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
سہیل آفریدی نے شہداء کے ورثاء کے لیے کابینہ سے منظور شدہ 50 لاکھ روپے رقم میں 50 لاکھ روپے مزید اضافے کا اعلان کیا جبکہ جنگ میں خیبر پختونخوا سے زخمی اہلکار کے لیے امدادی رقم 10 لاکھ سے بڑھا کر 25 لاکھ کرنے کا بھی اعلان کیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام کی لازوال قربانیاں ملک و قوم کی سلامتی کی ضمانت ہیں حق کی راہ میں شہید کبھی نہیں مرتے، شہادت مسلمان کے لیے سب سے اعلیٰ اور مثالی موت ہے۔
وزیر اعلیٰ کے پی سہیل آفریدی نے مزید کہا ہے کہ شہداء ہمارا فخر ہیں، خیبر پختونخوا حکومت انکے ورثاء کا بھرپور خیال رکھے گی۔