پاکستان برکس میں شامل ہوکر مثبت اور تعمیری کردار ادا چاہتا ہے: وزیر خزانہ

باکو:(دنیا نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان برکس میں شامل ہوکر مثبت اور تعمیری کردار ادا چاہتا ہے۔

آذربائجان کے دو مختلف خبررساں اداروں کو انٹرویو دیتے ہوئے محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ حکومت کا اقتصادی سفارتکاری، تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کا عزم رکھتی ہے، پاکستان مضبوط علاقائی رابطہ کاری اور پائیدار سرمایہ کاری پر توجہ دے رہا ہے۔

اُنہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کا قابلِ اعتماد، مسابقتی اور مستقبل دوست معاشی شراکت دار بنانے کا ویژن ہے، آذربائیجان کی پاکستان میں تقریباً 2 ارب ڈالر سرمایہ کاری میں دلچسپی ہے، توانائی، تیل و گیس، معدنیات اور مائننگ تعاون کے ترجیحی شعبے ہیں۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ آذربائیجان کی کمپنی سوکار کی پاکستان میں آئل پائپ لائن سرمایہ کاری پر بات چیت جاری ہے، پاکستان نے امداد نہیں،تجارت، سرمایہ کاری پر مبنی فنانسنگ ماڈل اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ ڈیجیٹل اکانومی، فِن ٹیک، اے آئی اور سائبر سیکیورٹی میں آذربائیجان کے تجربے سے استفادے کا ارادہ ہے، دوران گفتگو اُنہوں نے پاکستان، وسطی ایشیا اور آذربائیجان کے درمیان نئے تجارتی و ٹرانسپورٹ کوریڈورز پر زور دیا۔

اُن کا عالمی تجارتی دباؤ کے تناظر میں ساؤتھ ساؤتھ تعاون بڑھانے کا اعادہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان برکس میں شمولیت کی خواہش، مثبت اور تعمیری کردار ادا چاہتا ہے، غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے میکرو اکنامک استحکام حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ زرمبادلہ ذخائر میں بہتری،درآمدات کے قریب 3 ماہ کی کوریج حاصل کرنے کے قریب ہیں،ڈیجیٹل کرنسی اور کرپٹو سرگرمیوں کیلئے ریگولیٹری فریم ورک کی تیاری ہے،مصنوعی ذہانت زراعت، مالیات، صحت اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں گیم چینجر ہے۔

محمد اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی فری لانسرز اے آئی سے زیادہ آمدن اور پیداواری صلاحیت حاصل کر سکیں گے، روس کے ساتھ توانائی، معدنیات، صنعتی تعاون اور سٹیل پلانٹ پر بات چیت جاری ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں