ایس آئی ایف سی کی حکمت عملی سے پاکستان کا سیاحتی شعبہ ترقی کی راہ پر گامزن

اسلام آباد: (دنیا نیوز)ایس آئی ایف سی (سپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل) کی مؤثر حکمت عملی اور معاونت کے باعث پاکستان کا سیاحتی شعبہ نئی ترقیاتی جہتوں کی جانب گامزن ہے جبکہ ملک سیاحت کے نئے مواقع اور بین الاقوامی توجہ کا مرکز بنتا جا رہا ہے۔

سیاحتی اصلاحات کے نتیجے پاکستان جنوبی ایشیا میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش ہب کے طور پر ابھر رہا ہے جبکہ جدید انفراسٹرکچر اور سہولیات کی فراہمی سے سیاحتی سرگرمیوں میں نمایاں تیزی آئی ہے۔

حکومت کی جانب سے سیاحت کے فروغ کے لیے سسٹین ایبل ٹورزم ایکسپو اینڈ فورم کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد پاکستان میں سیاحت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینا تھا۔

فیڈرل وزیر برائے سرمایہ کاری پاکستان قیصر احمد شیخ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان تاریخی اور ثقافتی ورثے سے مالا مال ملک ہے جہاں بے شمار سیاحتی مقامات اور دنیا کی بلند ترین چوٹیاں موجود ہیں، پاکستان سرمایہ کاری اور عالمی شراکت داری کے لیے منافع بخش اور پُرکشش مواقع فراہم کر رہا ہے۔

ایس آئی ایف سی بورڈ آف انویسٹمنٹ نے پاکستان کو پائیدار سیاحت کے لیے ممتاز مقام بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے، حکومت سیاحت کے ذریعے معیشت کو فروغ دینے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور مقامی کمیونٹیز کو تقویت دینے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

ایس آئی ایف سی کی سہولت کے باعث آن لائن ویزا اور ویزا آن ارائیول نے پاکستان کو غیر ملکی سیاحوں کے لیے مزید پرکشش بنا دیا ہے جبکہ مؤثر اور مربوط اصلاحات پاکستان کو سیاحتی پاور ہب بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں