توانائی بحران: حکومت کا موبائل ایپ کے ذریعے سبسڈی دینے کا فیصلہ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے توانائی بحران کے پیش نظر موبائل ایپ کے ذریعے سبسڈی فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا، جس کے تحت پٹرول کی تقسیم کو ڈیجیٹل نظام کے ذریعے منظم کیا جائے گا۔
وزارت آئی ٹی نے اس منصوبے کے لیے 24 ہزار موبائل فونز کی خریداری کے لیے اظہارِ دلچسپی طلب کر لیا ہے، جبکہ نیشنل آئی ٹی بورڈ ان موبائل فونز کی قیمتوں کا تعین کرے گا۔
حکام کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیاں یہ موبائل فونز خرید کر پٹرول پمپس کو فراہم کریں گی، ملک بھر کے تقریباً 12 ہزار پٹرول پمپس پر 24 ہزار موبائل فونز فراہم کیے جائیں گے، اور ہر پٹرول پمپ پر دو نوزلز سبسڈائز پٹرول کے لیے مختص ہوں گی، اس نظام کے تحت ٹو اور تھری وہیلرز کو موبائل ایپ کے ذریعے سبسڈائز پٹرول فراہم کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق موبائل ایپ تیار کر لی گئی ہے اور اس کی ٹیسٹنگ آخری مراحل میں ہے، اس ایپ کے ذریعے صارفین کو ڈیجیٹل واؤچرز جاری کیے جائیں گے، جبکہ مقررہ کوٹے سے زیادہ پٹرول لینے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ابتدائی تجویز کے مطابق موٹر سائیکلوں کو ماہانہ 20 لیٹر تک سبسڈائز پٹرول فراہم کیا جائے گا، تاہم 800 سی سی تک گاڑیوں کو اس سہولت میں شامل کرنے سے متعلق حتمی فیصلہ تاحال نہیں کیا جا سکا۔
حکومت توانائی بحران سے نمٹنے کے لیے مختلف آپشنز پر غور کر رہی ہے، جبکہ ہنگامی حالات کے پیش نظر متبادل پلان بھی تیار کیا گیا ہے، اس کے ساتھ ساتھ ملک بھر کے پٹرول پمپس کی نگرانی کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے تاکہ نظام کو شفاف اور مؤثر بنایا جا سکے۔