وفاق اور صوبوں کا پٹرولیم مصنوعات بارے مشاورتی اجلاس، سبسڈی کیلئے نیا نظام متعارف

اسلام آباد :(دنیا نیوز) پٹرولیم قیمتوں اور ٹارگٹڈ سبسڈی پر وفاق اور صوبوں کے درمیان اہم مشاورتی اجلاس ہوا۔

وفاقی دارالحکومت میں ہونے والے اجلاس کی صدارت وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کی جب کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ آن لائن شریک ہوئے۔

اِسی طرح وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز احمد بگٹی، وزیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم سمیت چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز آن لائن اجلاس میں شریک ہوئے۔

 وفاقی وزراء علی پرویز ملک، احد خان چیمہ، شزہ فاطمہ خواجہ بھی اجلاس میں شریک تھے جس میں کمزور طبقات کو ریلیف دینے کیلئے نئے سبسڈی ماڈل پر غور کیا گیا۔

دوسری جانب پٹرولیم سبسڈی کیلئے ڈیجیٹل اور کیش ٹرانسفر نظام بارے بھی تبادلہ خیال اور سبسڈی اصلاحات پر اتفاق رائے کی کوشش جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔

اجلاس کے شرکا نے پٹرولیم قیمتوں کے نظام میں شفافیت اور مؤثر گورننس پر زور دیا اورٹارگٹڈ سبسڈی کیلئے ورکنگ فریم ورک تیار کرنے کا فیصلہ کیا۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ ہوا کہ صوبے سبسڈی سے متعلق اپنی تجاویز مزید بہتر بنائیں گے، حکومت نے کمزور طبقات کے تحفظ اور معاشی استحکام کے عزم کا اظہار کیا۔

مزید برآں پٹرولیم سبسڈی اصلاحات کیلئے مشاورت کا عمل جاری رکھنے کا فیصلہ ہوا اور شرکا کا کہنا  تھا کہ سبسڈی صرف مستحق افراد تک پہنچانے کیلئے نیا نظام متعارف کرایا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں