لیسکو کا نیا کنکشن مہنگا، میٹر فیس میں بڑا اضافہ، نوٹیفکیشن جاری
لاہور: (دنیا نیوز) لیسکو نے صارفین کے لیے نئے بجلی کنکشن کے میٹر فیس میں اضافہ کر دیا جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اب صارفین کو نیا میٹر لگوانے کے لیے 6 ہزار 400 روپے کے بجائے 21 ہزار 300 روپے جمع کروانا ہوں گے۔
حکام کے مطابق بجلی کے نئے میٹر اور کیبل کے اخراجات کی مد میں صارفین کو 17 ہزار 700 روپے ادا کرنا ہوں گے، جبکہ اس کے علاوہ 3 ہزار 660 روپے سکیورٹی چارجز کی مد میں بھی ادا کرنا ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لیسکو کے بعض افسران نے اس اضافے کی مخالفت کی، تاہم چیئرمین اور بورڈ اراکین قیمتوں میں اضافے پر قائم رہے۔
لیسکو ذرائع کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق آج سے کر دیا گیا ہے۔