ملک بھر کے صارفین کے لئے بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان
اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے کراچی سمیت ملک بھر کے صارفین کیلئے بجلی 27 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست دائر کر دی۔
بجلی کی قیمت میں 26 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے، یہ اضافہ مارچ کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں مانگا گیا ہے۔
اس حوالے سے سی پی پی اے کی جانب سے دائر درخواست پر نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) 28 اپریل کو سماعت کرے گا، جس میں قیمتوں میں ممکنہ اضافے کی درخواست کا جائزہ لیا جائے گا۔
سی پی پی اے کے مطابق مارچ کے دوران مجموعی طور پر 8 ارب 93 کروڑ 90 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی گئی جبکہ ڈسکوز کو 8 ارب 64 کروڑ 40 لاکھ یونٹس فراہم کی گئی۔
دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ مارچ کیلئے فی یونٹ فیول لاگت کا تخمینہ 7 روپے 99 پیسے مقرر کیا گیا تھا تاہم اصل لاگت بڑھ کر 8 روپے 26 پیسے فی یونٹ تک پہنچ گئی، مارچ میں پانی سے 23.55 فیصد، مقامی کوئلے سے 16.76 فیصد، درآمدی کوئلے سے 13.80 فیصد اور درآمدی ایل این جی سے 5.64 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔
اسی طرح فرنس آئل سے 1.02 فیصد، مقامی گیس سے 11.34 فیصد اور جوہری ایندھن سے 21.95 فیصد بجلی حاصل کی گئی، قابلِ تجدید ذرائع میں ہوا سے 3.46 فیصد جبکہ سولر سے 1.18 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔