انڈونیشیا میں ہیلی کاپٹر گر کرتباہ، 8 افراد جاں بحق
جکارتہ: (ویب ڈیسک) انڈونیشیا میں ہیلی کاپٹر گرکر تباہ ہوگیا، حادثے میں 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ایئربس ہیلی کاپٹر، جو مقامی کمپنی میتھیو ایئر نوسانتارا کی ملکیت تھا، گزشتہ صبح مغربی کلیمنتان صوبے میں پرواز بھرنے کے تقریباً پانچ منٹ بعد ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہو گیا۔
سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر جنرل لقمان ایف لیسا کے بیان کے مطابق، ہیلی کاپٹر میں سوار تمام آٹھ افراد مرد تھے، جن میں ایک ملائیشین شہری بھی شامل تھا۔
انہوں نے کہا کہ مشترکہ سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم نے طیارے کے حادثے کی جگہ کا سراغ لگا لیا ہے، اور فیلڈ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق تمام مسافروں اور عملے کے ارکان کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق امدادی ٹیموں نے ایک گھنے جنگل اور دشوار گزار پہاڑی علاقے میں لاشیں تلاش کر لیں، لاشوں کو صوبائی دارالحکومت پونتیانک منتقل کیا جا رہا ہے۔
جنوب مشرقی ایشیا میں واقع وسیع جزائر پر مشتمل ملک انڈونیشیا اپنے ہزاروں جزیروں کو آپس میں ملانے کے لیے فضائی سفر پر بہت زیادہ انحصار کرتا ہے، ملک کا فضائی حفاظتی ریکارڈ ماضی میں کمزور رہا ہے، جہاں حالیہ برسوں میں کئی مہلک حادثات پیش آ چکے ہیں۔
جنوری میں ماہی گیری کی وزارت کے چارٹرڈ ٹربوپروپ طیارہ سولاویسی کے جزیرے پر ایک پہاڑ سے ٹکرا گیا تھا، جس کے نتیجے میں تمام 10 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
گزشتہ سال ستمبر میں جنوبی کلیمنتان میں چھ مسافروں اور دو عملے کے ارکان کو لے جانے والا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس میں تمام افراد جان کی بازی ہار گئے۔
اس کے دو ہفتے سے بھی کم عرصے بعد دور دراز ضلع ایلاگا (پاپوا) میں ایک اور ہیلی کاپٹر حادثے میں چار افراد ہلاک ہو گئے تھے۔