حزب اللہ کی بے گھر لبنانی شہریوں سے جنگ بندی کے نفاذ تک واپسی مؤخر کرنے کی اپیل
بیروت: (دنیا نیوز) لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے بے گھر لبنانی شہریوں سے جنگ بندی کے نفاذ تک واپسی مؤخر کرنے کی اپیل کر دی۔
لبنان کی نیشنل نیوز ایجنسی کے مطابق حزب اللہ نے اپنے بیان میں جنوبی لبنان، وادی بقاع اور بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں سے بے دخل ہونے والے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ جنگ بندی کے وقت سے قبل واپس نہ جائیں، بیان میں جنگ بندی کی صورتحال سے متعلق غیر یقینی حالات کے پیش نظر احتیاط برتنے کی تاکید کی گئی۔
حزب اللہ کا کہنا تھا کہ جنگ بندی کے اعلان کے باوجود ایک ایسے مکار دشمن کا سامنا ہے جو معاہدوں اور وعدوں کی خلاف ورزی کا عادی ہے لہٰذا ہم آپ سے اپیل کرتے ہیں کہ صبر کا مظاہرہ کریں اور جنوبی علاقوں، وادی بقاع اور بیروت کے جنوبی مضافات کا رخ نہ کریں جب تک صورتحال مکمل طور پر واضح نہ ہو جائے۔
حزب اللہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ہم آپ کی اپنے گھروں اور دیہاتوں میں واپسی کی خواہش کو بخوبی سمجھتے ہیں اور آپ کے صبر اور ثابت قدمی کو سراہتے ہیں، تاہم آپ کی حفاظت اور قیمتی جانوں کے پیش نظر آپ سے درخواست ہے کہ مزید صبر اور تحمل کا مظاہرہ کریں۔