صدر یورپی کونسل کا اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم
برسلز: (دنیا نیوز) صدر یورپی کونسل نے اسرائیل اور لبنان کے درمیان دس روزہ جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے انتہائی خوش آئند خبر قرار دیا۔
یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا نے کہا ہے کہ اس پر عملی طور پر عملدرآمد اور زمینی سطح پر تصدیق ضروری ہے، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں انہوں نے کہا یہ نہایت اہم ہے کہ اسرائیل اور لبنان بامقصد مذاکرات میں شامل ہوں جو ٹھوس نتائج فراہم کریں تاکہ دونوں ممالک کے عوام کے مفاد اور پائیدار امن کے امکانات کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ یورپی یونین لبنان کی حمایت جاری رکھے گی، لبنان میں استحکام کی بحالی کے لئے حکومتی اداروں کو مضبوط بنانا اور حزب اللہ کو غیر مسلح کرنا ہی واحد پائیدار حل ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے لبنان میں 10 روز کیلئے جنگ بندی کا اعلان کردیا ہے، انہوں نے کہا لبنان کے صدر جوزف عون اور اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو کے ساتھ انتہائی شاندار گفتگو کی ہے۔
سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ دونوں رہنماؤں نے اپنے ممالک کے درمیان امن کے حصول کے لئے 10 روزہ جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے جو منگل کو امریکی مشرقی وقت کے مطابق شام 5 بجے سے نافذ ہوگی۔
انہوں نے بتایا تھا کہ منگل کے روز واشنگٹن ڈی سی میں اسرائیل اور لبنان کے نمائندوں کی 34 سال بعد پہلی ملاقات ہوئی، جس میں امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو بھی شریک تھے۔
ٹرمپ کے مطابق انہوں نے نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر خارجہ مارکو روبیو اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف ڈین کین کو ہدایت دی ہے کہ وہ اسرائیل اور لبنان کے ساتھ مل کر دیرپا امن کے لئے کام کریں۔
امریکی صدر نے مزید کہا تھا کہ وہ دنیا بھر میں 9 جنگوں کے خاتمے میں کردار ادا کر چکے ہیں اور یہ ان کی 10ویں کوشش ہے، جسے وہ مکمل کرنے کے خواہش مند ہیں۔