پٹرولیم قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچایا جائے گا: علی پرویز ملک

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ وزیراعظم، فیلڈ مارشل، وزیر خارجہ اور وزیر داخلہ کی سفارتی کاوشیں رنگ لے آئیں اور ایران و امریکا جنگ بندی معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔

اپنے بیان میں علی پرویز ملک نے کہا کہ وزیراعظم نے ہدایت دی ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام تک منتقل کیا جائے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے ایک شفاف ہفتہ وار فارمولا مرتب کرنے کی غرض سے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔

وفاقی وزیرِ پٹرولیم کے مطابق نئے شفاف فارمولے کی بدولت عوام قیمتوں میں ہونے والی تبدیلیوں کی وجوہات کو بہتر انداز میں سمجھ سکیں گے، جبکہ اس فارمولے کی تیاری تمام متعلقہ فریقین سے مکمل مشاورت کے بعد کی جائے گی۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ علاقائی کشیدگی کے باوجود پاکستان میں تیل کی سپلائی چین بلا تعطل برقرار رکھی گئی ہے اور حکومت توانائی سلامتی کے فریم ورک کا ازسرِنو جائزہ لے رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریاستی مفادات کے تحفظ اور توانائی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے متعدد نئے اقدامات پر کام جاری ہے، جبکہ بحران کے دوران تعاون کرنے والے تمام شراکت داروں اور عوام کے شکر گزار ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں