بلوچستان اسمبلی کا 1089 بلین روپے کا بجٹ پیش، نئی ترقیاتی سکیموں کیلئے کیلئے 106 مختص
کوئٹہ:(دنیا نیوز) بلوچستان اسمبلی کا صوبائی وزیر خزانہ میر شعیب نو شیروانی نے 1089 بلین روپے کا بجٹ پیش کردیا۔
ایوان میں بجٹ پیش کرتے ہوئے میر شعیب نوشیروانی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے گزشتہ مالی سال میں مختص کردہ بجٹ کا 115 فیصد استعمال کیا، رواں مالیاتی سال کے دوران 2966 جاری اور نئی ترقیاتی سکیمیں اس سال کے آخر تک مکمل ہوں گی۔
کل آمدن
انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے کل اخراجات کا تخمینہ 1089 بلین روپے ہے، رواں مالی سال کی کل آمدن 886 بلین روپے رہی، غیر ترقیاتی بجٹ کا حجم 797 بلین روپے ہے، مجموعی صوبائی ترقیاتی بجٹ کا حجم 206 بلین روپے ہے۔
نئی سکیمیں
وزیرخزانہ بلوچستان کا کہنا تھا کہ نئی سکیموں کے لئے 106 جبکہ جاری سکیموں کے لیے 100 بلین روپے رکھے گئے ہیں، فیڈرل ڈویلپمنٹ گرانٹس کی مد میں 45 بلین روپے اور فارن پروجیکٹس اسسٹنس کی مد میں 40 بلین روپے رکھے گئے ہیں۔
میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ ہمارے صوبے کا بجٹ سرپلس میں ہے، صوبائی آمدنی میں بھی بہتری لائی جارہی ہے، صوبائی آمدنی کو 170 بلین روپے تک پہنچایا جائے گا، وفاق کے تعاون سے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں ڈیمز کی تعمیر جاری ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ حکومت بلوچستان پہلی مرتبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بولان انشورنس کمپنی لمیٹڈ قائم کرچکی ہے، انشورنس کے ذریعے سرکاری املاک، حادثات، قدرتی آفات،صحت اور دیگر منصوبوں کو انشور کیا جائے گا۔
وزیرخزانہ بلوچستان نے کہا کہ زرعی شعبے کی بہتری اور سستی توانائی کی فراہمی کے لئے ٹیوب ویلز کی سولر ائزیشن کے لئے 3.8 بلین روپے مختص کئے گئے ہیں۔
ڈویژنل ہیڈ کوارٹر ماسٹر پلان
میر شعیب نوشیروانی کا کہنا تھا کہ بینک آف بلوچستان کے قیام کے لئے 10 بلین روپے مختص کئے گئے ہیں، بلوچستان ایویشن کمپنی کے لئے 3 بلین روپے رکھے گئے ہیں، ڈویژنل ہیڈ کوارٹر کے ماسٹر پلان کے لئے 3 بلین روپے مختص کیے گئے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ معدنی وسائل کے فروغ اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے کے لئے 490 میلن روپے مختص کئے گئے ہیں، ثقافت اور آثار قدیمہ کے فروغ کے لئے 85 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔
وزیر خزانہ بلوچستان کا کہنا تھا کہ نئے مالی سال 2026-27 میں نوجوانوں کے لئے 5000 نئی آسامیاں تخلیق کی جارہی ہیں، ان آسامیوں میں 3000 اسکول ایجوکیشن،500 محکمہ صحت،1000 آسامیاں نئے اضلاع اور 500 آسامیاں مختلف محکموں کی ہیں۔
میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ مالی سال 2026-27 میں محکمہ صحت کے لئے 6 بلین روپے رکھے گئے ہیں، صحت کے شعبے میں غیر ترقیاتی بجٹ بغیر اثاثہ جات کے لئے 90 بلین روپے مختص کیے گئے ہیں۔
تعلیم کیلئے مختص فنڈز
اُن کا کہنا تھا کہ آئندہ مالی میں محکمہ سکول ایجوکیشن کے ترقیاتی بجٹ کی مدد میں 12 بلین، غیر ترقیاتی بجٹ کی مدد میں 115 بلین روپے مختص کئے گئے، آئندہ مالی سال میں محکمہ کالجز کے ترقیاتی بجٹ کی مدد میں 2.3 بلین،غیر ترقیاتی کی مدد میں 28.7 بلین روپے مختص کئے گئے۔
وزیر خزانہ بلوچستان کا کہنا تھا کہ آئندہ مالی سال میں محکمہ زراعت کے ترقیاتی بجٹ کی مدد میں 4.4 بلین اور غیر ترقیاتی کی مدد میں 19.2 بلین روپے مختص کئے، آئندہ مالی سال میں محکمہ انتظام اجناس کے ترقیاتی بجٹ کی مدد میں 9ملین اور غیر ترقیاتی بجٹ کی مدد میں 5.08 بلین روپے مختص کئے گئے ہیں۔
میر شعیب نوشیروانی نے کہا کہ آئندہ مالی سال میں محکمہ لوکل گورنمنٹ کے لئے ترقیاتی بجٹ کی مدد میں 8.5 ملین اور غیر ترقیاتی 41.4 بلین روپے مختص کئے گئے ہیں، محکمہ مواصلات و تعمیرات کے لئے ترقیاتی 27 بلین اور غیر ترقیاتی کی مدد میں 20 بلین روپے مختص کئے گئے ہیں۔
غیر ترقیاتی بجٹ
اُن کا کہنا تھا کہ امن و امان کے شعبے کے لئے غیر ترقیاتی بجٹ کی مدد میں 2.8 بلین روپے مختص کئے گئے ہیں، آئندہ مالی سال میں بلوچستان بورڈ آف ریونیو کے لئے ترقیاتی بجٹ کی مدد میں 2.8 بلین اور غیر ترقیاتی کی مدد میں 8.2 بلین روپے مختص کئے گئے ہیں۔
وزیر خزانہ بلوچستان کا کہنا تھا کہ آئندہ مالی سال میں محکمہ ٹرانسپورٹ کے لئے ترقیاتی بجٹ کی مدد میں 1.5 بلین اور غیر ترقیاتی کی مدد میں 1.29 بلین روپے مختص کئے گئے ہیں۔