کلمہ طیبہ کے احترام میں فیفا نے سعودی پرچم کے لیے الگ پروٹوکول اختیار کر لیا

نیو یارک: (ویب ڈیسک) فیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوران سعودی عرب کے قومی پرچم کو دیگر ممالک کے جھنڈوں سے مختلف انداز میں پیش کیا گیا، جس نے شائقین اور عالمی میڈیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔

عموماً فیفا کے پری میچ پروٹوکول کے تحت شریک ٹیموں کے قومی پرچم میدان میں پھیلا کر پیش کیے جاتے ہیں، تاہم سعودی عرب کے پرچم کو زمین پر رکھنے کے بجائے ایک بلند اور نمایاں مقام پر آویزاں کیا گیا۔

اس خصوصی انتظام کی وجہ سعودی پرچم پر درج کلمہ طیبہ ہے جو اسلامی عقیدے کی بنیادی علامت ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب میں مذہبی روایات اور ملکی قوانین کے تحت پرچم کو زمین پر بچھانا یا کسی ایسے انداز میں استعمال کرنا جس سے بے ادبی کا تاثر پیدا ہو مناسب نہیں سمجھا جاتا۔

اسی مذہبی اور ثقافتی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹورنامنٹ منتظمین نے سعودی پرچم کے لیے الگ طریقہ اختیار کیا، تاکہ اس کے تقدس اور احترام کو برقرار رکھا جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں