فیول سبسڈی سکیم سے 75 لاکھ سے زائد شہری مستفید، وزیراعظم نے حکومتی اقدامات کو سراہا
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کے بروقت اقدامات کے باعث شہری فیول سبسڈی سے مستفید ہو رہے ہیں، 15 ستمبر سے اب تک 75 لاکھ سے زائد افراد کا ریلیف سکیم سے فائدہ اٹھانا باعث اطمینان ہے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت پرائم منسٹر فیول ریلیف اسکیم کی پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، جس میں انہیں اسکیم پر عملدرآمد اور اب تک ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔ اب تک 84 لاکھ سے زائد افراد رجسٹرڈ ہوچکے ہیں، جبکہ 75 لاکھ سے زائد شہری اسکیم سے مستفید ہوچکے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پیٹرول سبسڈی کے آغاز سے اب تک جاری کیے گئے ایک کروڑ 22 لاکھ ٹوکنز میں سے ایک کروڑ 3 لاکھ ٹوکنز استعمال ہوچکے ہیں۔ 15 ستمبر سے شروع ہونے والی اسکیم اب تیسرے ہفتے میں داخل ہورہی ہے، جبکہ پہلی اور دوسری مرتبہ فیول سبسڈی حاصل کرنے والے شہری اگلے ہفتے کی سبسڈی بھی حاصل کرسکیں گے۔
وزیراعظم نے بڑھتی ہوئی پٹرولیم قیمتوں کے تناظر میں کم آمدن اور متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ فیول سبسڈی اسکیم پوری حکومتی مشینری کے مؤثر، مربوط تعاون اور مشترکہ کاوشوں کی بہترین مثال ہے۔
یہ بھی پڑھیں: معاشی چیلنجز کو مدنظر رکھ کر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے: وزیراعظم
شہباز شریف نے فیول سبسڈی اسکیم پر عملدرآمد میں پوری حکومتی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اور نائب وزیراعظم، وزیر آئی ٹی، وزیر اطلاعات، وزیر اقتصادی امور، وزیر خزانہ، اوگرا سمیت اسکیم سے منسلک تمام وفاقی و صوبائی حکام کی کاوشوں کی تعریف کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ملک بھر کے 129 اضلاع میں پیٹرول سبسڈی اسکیم پر عملدرآمد جاری ہے اور تمام پیٹرول پمپس شہریوں کو اسکیم کے تحت سہولت فراہم کررہے ہیں۔
بریفنگ کے مطابق شہریوں اور پیٹرول پمپس مالکان کی رہنمائی کے لیے 24 گھنٹے فعال کال سینٹر قائم ہے، جبکہ وزیراعظم آفس کا پبلک افیئرز یونٹ اور عوامی نمائندے شہریوں کی رجسٹریشن میں معاونت کررہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ فیول سبسڈی اسکیم کے ذریعے تیار ہونے والا مستحکم ڈیٹا بیس مستقبل میں بھی شہریوں کی معاونت کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، علی پرویز ملک، محمد اورنگزیب، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی طارق باجوہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments