آئندہ سال بجلی چوری والے فیڈرز کے بجائے ٹرانسفارمرز پر لوڈشیڈنگ ہوگی: اویس لغاری
ڈی جی خان: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ اگلے سال جون سے بجلی چوری کرنے والے فیڈرز کے بجائے ٹرانسفارمر پر لوڈ شیڈنگ ہوا کرے گی۔
ڈیرہ غازی خان میں فاروق احمد خان لغاری انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی توسیع کے منصوبے کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اویس لغاری کا کہنا تھا کہ رات کو دو گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کر کے عوام کو 6 روپے یونٹ کے بوجھ سے بچایا۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں انتظامی یونٹ کے قیام کیلئے پارٹی سطح پر مشاورت ہو رہی ہے، مسلم لیگ (ن) نہ صرف جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبوں کے قیام کیلئے اسمبلی میں قرار داد منظور کر چکی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فاروق لغاری ایئر پورٹ غیر فعال تھا، وزیر اعظم سے ایئر پورٹ کی توسیع کا منصوبہ منظور کرایا ہے، ساڑھے 5 ارب روپے کی لاگت سے ایئرپورٹ توسیع منصوبہ جاری ہے، اگلے سال کے آخر تک انٹر نیشنل ایئرپورٹ آپریشنل ہوگا، رن ویز لمبے کئے جا رہے ہیں اور رات کے وقت بھی لینڈنگ ہوگی، ڈیرہ غازی خان ڈویژن سمیت قریبی دیگر صوبوں کے اضلاع سے بھی مسافر مستفید ہوں گے۔
قبل ازیں، وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے توسیعی منصوبہ کا جائزہ لیا جہاں سردار اویس لغاری کو پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی حکام نے توسیع منصوبہ پر بریفننگ دی۔
بریفنگ میں حکام نے بتایا کہ ایئرپورٹ پر رن وے کی توسیع اور رات کی لینڈنگ سے متعلق کام ہوگا، منصوبہ ڈیڑھ سال میں مکمل ہوگا، رن وے چھ ہزار فٹ سے بڑھا کر 10 ہزار فٹ کیا جا رہا ہے، رن ویز کی چوڑائی 30 سے بڑھا کر 45 میٹر کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ فاروق لغاری ایئر پورٹ گزشتہ پانچ سال سے غیر فعال ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments