قومی ویمنز ٹیم کو دوسرے ون ڈے میں بھی شکست، سیریز ویسٹ انڈیز کےنام

کراچی: (دنیا نیوز) قومی ویمن کرکٹ ٹیم کو دوسرے میچ میں بھی شکست دے کر ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم نے 0-2 سے سیریز اپنے نام کرلی۔

کراچی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے تین ون انٹرنیشنل میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں قومی ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 48.5 اوورز میں 10 وکٹوں کے نقصان پر 223 رنز بنائے۔

پاکستان ویمنز کی جانب سے بسمہ معروف 65 اور سدرہ امین 50 رنز بنا کر نمایاں رہیں، نجیحہ علوی 25، کپتان ندا ڈار 15 اور فاطمہ ثناء 11 رنز ہی بنا پائیں جبکہ 6 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکیں۔

منیبہ علی 2، صدف شمس 9، عالیہ ریاض 6، طوبیٰ حسن ایک اور ام ہانی 3 رنز بنا کر پویلین چلتی بنیں جبکہ سعدیہ اقبال 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔

مہمان ٹیم کی جانب سے شینلے ہیری اور کرشما ریمھارک نے 3،3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ایفے فلیچر نے 2 اور ہیلے میتھیوز نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم نے قومی ٹیم کی جانب سے دیا گیا ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر میچ کی آخری گیند پر حاصل کرلیا۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے سٹیفین ٹیلر نے 73، شیمانے کیمبل نے 52 اور کپتان ہیلے میتھیوز نے 44 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی، شینلے ہینری نے 23، راشدہ ولیمز نے 7 اور شیدین نیشن نے 6 رنز سکور کیے۔

مہمان ٹیم کی کھلاڑی عالیہ ایلے اور ایفے فلیچر نے 2،2 رنز بنائے جبکہ زائدہ جیمز اور کرشما ریمھارک 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔

میزبان ٹیم کی جانب سے کپتان ندا ڈار نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین چلتا کیا جبکہ ام ہانی نے 2 ، فاطمہ ثناء اور سعدیہ اقبال نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم نے پہلے ون ڈے میں بھی پاکستان کو 113 رنز سے شکست دی تھی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں