ٹی 20 سیریز: آخری میچ میں امریکا کو بنگلا دیش کے ہاتھوں شکست

ہیوسٹن: (دنیا نیوز) ٹی ٹوئنٹی سیریز کے 2 میچز ہارنے کے بعد بنگلا دیش نے تیسرے اور آخری میچ میں امریکا کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی۔

تفصیلات کے مطابق امریکا کے شہر ہیوسٹن میں ہونے والے 3 ٹی ٹوئٹنی میچز کی سیریز کے آخری میچ میں بنگلا دیش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، پہلے دو میچز میں کامیابی حاصل کرنے والی میزبان ٹیم تیسرے میچ میں خاطر خواہ کاکردگی نہ دکھا سکی اور پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 104 رنز ہی بنا پائی۔

امریکا کے اوپنرز نے ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے میچ کا آغاز اچھا کیا اور ٹیم کا مجموعی سکور 46 پر پہنچایا اس کے بعد اندریس گوس 27 رنز پر پویلین لوٹ گئے، 46 رنز پر ہی دوسرے اوپنر شایان جہانگیر بھی آؤٹ ہو گئے، دو وکٹیں گرنے کے بعد کورے اینڈرسن 18، شیڈلے وین 12 رنز ہی بنا پائے، میزبان ٹیم کے 6 کھلاڑی ڈبل فگرز میں ہی داخل نہ ہو پائے۔

بنگلا دیش کی جانب سے مستفیض الرحمان نے 4 اوورز میں صرف 10 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، تنظیم حسن، شکیب الحسن اور رشد حسین نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا، ہدف کے تعاقب میں بنگلا دیشی بیٹرز نے کھیل کا آغاز کیا تو تنزید حسین اور سومیا سرکار نے میزبان باؤلر کی ایک نہ چلنے دی اور 12 ویں اوور میں بغیر کسی نقصان کے ہدف عبور کر لیا۔

واضح رہے کہ امریکا نے کرکٹ کی تاریخ میں بڑا اپ سیٹ کرتے ہوئے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ورلڈ کلاس ٹیم بنگلہ دیش کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی، میزبان نے جیت کی روایت برقرار رکھتے ہوئے دوسرے میچ میں بھی کامیابی حاصل کر کے سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی تھی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں