کوسٹ گارڈز کی اسمگلنگ کیخلاف کارروائیاں، 12 ملزمان گرفتار، 43 کروڑ روپے کی منشیات برآمد
کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان کوسٹ گارڈز نے اسمگلنگ کے خلاف وندر اور کراچی میں مختلف کارروائیوں کے دوران 12 ملزمان گرفتار اور تقریبا 43 کروڑ روپے کی منشیات، چھالیہ اور دیگر اشیا برآمد کر لیں۔
ترجمان کوسٹ گارڈز کے مطابق وندر ناکہ کھاری چیک پوسٹ پر کوئٹہ سے کراچی جانے والی کوچز میں کارروائی کے دوران 6 مسافر اسمگلرز سے 32 کلو چرس برآ مد کر کے اسمگلرز کو گرفتار کر لیا۔ کنٹینر سے تلاشی کے دوران 29 کلو چرس برآمد جبکہ ایک اسمگلر کو دھر لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق مختلف گاڑیوں کی تلاشی کے دوران 25 ہزار کلو چھالیہ، 931 اسٹیک سگریٹ، 3 ہزار پیکٹ انڈین گٹکا، ساڑھے 6 ہزار کلو غیرملکی کپڑا اور دیگر اشیا بھی برآمد کی گئیں۔ موبائل گشت کے دوران 91 ہزار ایرانی ڈیزل برآمد کر لیا۔
ترجمان کوسٹ گارڈز کے مطابق کراچی سپر ہائی وے پر 2 ٹرکوں سے 2 ہزار کلو چھالیہ اور 2700 لیٹر ڈیزل برآمد کر کے 5 ملزمان کو دھر لیا گیا۔ منشیات، چھالیہ اور متفرق اشیاء کی مالیت تقریباً 43 کروڑ روپے ہے۔