کراچی: ڈاکوؤں نے خاتون کی جان لے لی، شہری کی فائرنگ سے ملزم ہلاک

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے خاتون جاں بحق ہو گئی جبکہ شہریوں نے ڈاکو مار ڈالا، حیدر آباد میں مبینہ مقابلے کے بعد خطرناک ملزم کو گرفتار کر لیا۔

کراچی کے علاقے ملیر سٹی میں 3 موٹر سائیکل سوار مسلح ڈاکو شہریوں سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ اس دوران لوگ جمع ہو گئے اور گھیرا ڈال کر 3 میں سے ایک ڈاکو کو قابو کر لیا، بھاگنے کی کوشش پر شہری نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک ملزم ہلاک ہو گیا جبکہ 2 ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی فائرنگ سے راہگیر خاتون اور بزرگ شدید زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے خاتون دم توڑ گئی، خاتون کی شناخت شاہدہ کے نام سے ہوئی، واقعے کے بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی اور خاتون، ڈاکو کی لاشیں ہسپتال منتقل کر دیں۔

موقع پر موجود لوگوں نے بتایا ہے کہ مرنے والی خاتون مقامی سکول میں بطور آیا ملازمت کرتی تھی، واقعے کے وقت وہ وہاں سے گزر رہی تھی لیکن بدقسمتی سے ڈاکوؤں کی گولیوں کا نشانہ بن گئی، کراچی میں رواں سال ڈکیتی مزاحمت پر جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 63 ہو گئی۔

دوسری جانب حیدر آباد میں تھانہ پنیاری کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا اس دوران منشیات فروش کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، ملزم پولیس کو 12 مقدمات میں مطلوب تھا، ملزم کو تھانے منتقل کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں