لاہور: کارسوار پٹرول کی ٹینکی بھروا کرفرار، گارڈ کی فائرنگ سے 2 خواتین زخمی

لاہور: (دنیانیوز) لاہور کے علاقے گارڈن ٹاؤن میں کار سوار نوسرباز پٹرول کی ٹینکی بھروا کر فرار ہو گئے، پمپ پر موجود گارڈ کی فائرنگ سے 2 راہگیر خواتین زخمی ہو گئیں۔

تفصیلات کے مطابق گارڈن ٹاؤن میں واقع پٹرول پمپ پرنوسربازوں نے گاڑی میں فیول ٹینک فل کروایا اور پیسے دیئے بغیر گاڑی بھگا کر فرار ہو گئے، پمپ پر موجود سکیورٹی گارڈ نے کار سواروں کو روکنے کیلئے پیچھے سے فائرنگ کر دی تاہم نوسربازبچ نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔

سکیورٹی گارڈ کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں 2 راہگیر خواتین زخمی ہوگئیں جنہیں طبی امدادکیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، پولیس نے گارڈ کو حراست میں لے لیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مفرورنوسربازوں کی تلاش جاری ہے، جلد گرفتارکرلیں گے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں