کراچی: فائرنگ سے خاتون سمیت 2 زخمی، ایک ملزم گرفتار، حیدر میں مبینہ ڈاکو ہلاک

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں فائرنگ سے خاتون سمیت 2 افراد زخمی، ایک ملزم گرفتار جبکہ حیدر آباد میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ڈاکو مارا گیا۔

تفصیلات کے مطابق حیدر آباد میں 2 مبینہ پولیس مقابلے ہوئے، تھانہ صدر کی حدود میں کارروائی کے دوران سنگین نوعیت کی وارداتوں میں ملوث ملزم ہلاک ہو گیا جبکہ واپڈا لیبر ہال کے قریب سے پولیس نے ایک ملزم کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 میں واقع محافظ سٹریٹ میں نامعلوم شخص نے شہری کو گولی مار دی اور فرار ہو گیا، متاثرہ شخص کی شناخت ندیم کے نام سے ہوئی جسے ریسکیو عملے نے ہسپتال منتقل کر دیا جہاں اسے طبی امداد دی جا رہی ہے۔

کراچی میں اورنگی پولیس نے چھاپہ مار کر موٹرسائیکل لفٹر گینگ کے اہم رکن کو گرفتار کر لیا، ملزم نشے کا عادی اورچوری شدہ موٹرسائیکلز کے پارٹس، سامان کھول کر فروخت کرتا تھا، گرفتار ملزم سے موٹرسائیکل اور دیگرسامان برآمد کر کے تھانے منتقل کر دیا۔

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن گلشن بہار میں نامعلوم سمت سے آنے والی والی گولی لگنے سے خاتون زخمی ہو گئی، زخمی خاتون چھت پر بچے کو سلا رہی تھی کہ گولی آ کر ہاتھ پر لگی، متاثرہ خاتون کو طبی امداد کیلئے عباسی شہید ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں