تاجروں سے بھتہ طلب کرنے والا ملزم گرفتار

کراچی: (دنیا نیوز) ایس ایس پی کورنگی حسن سردار نے کہا ہے کہ کورنگی پولیس نے تاجروں سے بھتہ طلب کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔

ایس ایس پی کورنگی کے مطابق گرفتار ملزم فرحان نے اپنے مفرور ساتھی کے ہمراہ تاجر سے 20 لاکھ بھتے کی رقم کا مطالبہ کیا تھا، ملزمان تاجر کو مسلسل مختلف نمبروں سے کال کرکے 20 لاکھ کبھی 30 لاکھ کا مطالبہ کرتے رہے۔

حسن سردار کے مطابق ملزمان نے تاجر اور اس کی فیملی کو جان سے مارنے کی دھمکی دی اور تاجر کی دکان پر فائرنگ کی، تھانہ زمان ٹاؤن میں تاجر کی مدعیت میں بھتہ خوروں کے خلاف مقدمہ درج کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ایس ایس ایچ او کورنگی صنعتی ایریا کو خصوصی ٹاسک دیا گیا۔

ایس ایچ او کورنگی صنعتی ایریا اورنگزیب خٹک نے ٹیکنیکل ٹیم کے ہمراہ ملزم کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزم بھتے اور دیگر جرائم کی سرگرمیوں میں بھی ملوث نکلا، گرفتار ملزم فرحان اس سے قبل بھی بھتے کے مقدمے میں گرفتار ہوکر جیل جا چکا ہے۔

ایس ایس پی کورنگی کے مطابق گرفتار ملزم تاجروں سے بھتہ طلب کرنے کے لیے مختلف واٹس ایپ نمبروں کا استعمال کرتا تھا، مفرور ملزم حسن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، گرفتار ملزم فرحان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں