کراچی: ہتھوڑا دکھا کر شہریوں سے لوٹ مار، مبینہ مقابلوں میں 5 ملزم گرفتار

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد کراچی میں ڈکیتی کی انوکھی واردات سامنے آئی ہے، ہتھوڑا دکھا کر ڈاکو سکیورٹی اور شہریوں کو لوٹ کر فرار جبکہ مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 5 ملزموں کو حراست میں لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کھارادر میں جماعت خانہ کے قریب ڈاکوؤں نے ہتھوڑا دکھا کر سکیورٹی گارڈ اور شہریوں کو موبائل اور نقدی سے محروم کر دیا، ملزموں نے کرسی پر بیٹھے گارڈ کو ہتھوڑا مار کر زخمی کر دیا، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی۔

کراچی کے علاقے کورنگی میں سیلز مین کو لوٹنے والے 2 ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا، ملزم شہری سے نقدی اور موٹرسائیکل چھین کر فرار ہو رہے تھے کہ پولیس نے تعاقب کر کے حراست میں لے لیا، گرفتار ملزموں کو تھانے منتقل کر کے مزید تفتیش شروع کر دی۔

دوسری جانب کراچی کے علاقے پاک کالونی میں بڑا بورڈ کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ ہوا اس دوران 2 ملزموں کو زخمی حالت میں حراست میں لے لیا گیا جبکہ سچل میں بھی پولیس نے کارروائی کر کے ایک اشتہاری ملزم کو گرفتار کر لیا، ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد ہوا۔

ادھر کراچی کے علاقے شارع نور جہاں اور نصرت بھٹو کالونی میں سٹریٹ کرائمز میں ملوث افراد کیخلاف پولیس اور رینجرز نے مشترکہ آپریشن کیا، اس دوران علاقے کے داخلی و خارجی راستوں کو سیل رکھا گیا، سرچ آپریشن میں پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں