پاکستان اور آئی ایم ایف میں پالیسی سطح کے مذاکرات 20 مئی سے شروع

اسلام آباد: (دنیا نیوز) معاشی ٹیم اور آئی ایم ایف کے درمیان پالیسی سطح کے مذاکرات 20 مئی سے شروع ہوں گے۔

وزارت خزانہ کے مطابق پالیسی سطح کے مذاکرات کے دوران نئے قرض کے حجم پر بھی بات فائنل ہو گی، پالیسی سطح کے مذاکرات میں آئی ایم ایف کے ساتھ آئندہ کیلئے شرائط و اہداف فائنل کیے جائیں گے۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق ایف بی آر ریونیو، نان ٹیکس آمدنی کے آئندہ مالی سال کے اہداف طے کیے جائیں گے، پالیسی سطح کے مذاکرات کے اختتام پر نئے قرض پروگرام کیلئے معاہدہ ہونے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ معاشی ٹیم نے آئندہ مالی سال کے دوران ایکسٹرنل فنانسنگ کا ابتدائی تخمینہ 22 ارب ڈالر تک لگایا ہے، پانڈا بانڈز کا اجراء آئی ایم ایف کیساتھ شیئر کردہ پلان میں شامل ہے۔

آئندہ مالی سال کے دوران حکومت کا ڈیڑھ ارب ڈالر سے زائد کے انٹرنیشنل سکوک بانڈز کے اجراء کا پلان ہے، دوست ممالک سے تقریباً 12 ارب ڈالر قرض رول اوور کروانا بھی آئی ایم ایف سے شیئر کردہ پلان کا حصہ ہے۔

وزارت خزانہ ذرائع کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال کے دوران پانڈا بانڈز پہلی سہ ماہی کے دوران ہی جاری کیے جائیں گے، عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک سے نئی فنانسنگ بھی پلان میں شامل کی گئی ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں