پنجاب پولیس کی بروقت کارروائی، 8 سالہ بچی ونی کی بھینٹ چڑھنے سے بچ گئی

راجن پور: (دنیانیوز) پنجاب پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے راجن پور میں 8 سالہ بچی کو ونی کی بھینٹ چڑھنے سے بچا لیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر Never Again مہم کے تحت بروقت کارروائی کی گئی،  راجن پور پولیس کو 8 سالہ بچی کوثر بی بی کو موضع طفلی کے رہائشی ندیم ولد فقیر بخش کو بدلہ صلح / ونی کرنے کی اطلاع ملی تھی ۔

پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بچی کو بازیاب کروایا اور طبی معائنہ کے بعد والدین کے حوالے کر دیا گیا۔

ونی کا واقعہ ایک ہفتہ قبل ہونے والے واقعہ کے تناظر میں پیش آیا ، ونی ہونے والی بچی کے کزن نے فقیر بخش گشکوری کی بیٹی ثانیہ کو گھر سے بھگا کر شادی کی تھی، ثانیہ کے اہلخانہ نے متاثرہ فیملی پر دباؤ ڈال کر 8 سالہ کوثر بی بی کو صلح کے بدلے اپنے قبضہ میں لے لیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق راجن پور پولیس نے 14 نامزد ملزمان کے خلاف پولیس سٹیشن داجل میں مقدمہ درج کرکے فوری کارروائی یقینی بنائی، واقعہ میں ملوث سرپنچ سمیت 03 ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کیا۔

ترجمان پنجاب پولیس کاکہنا ہے کہ مزید ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے جاری ہیں، واقعہ میں ملوث دیگر ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دلوائی جائے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کااس حوالے سے کہنا ہے کہ خواتین اور بچوں پر تشدد، ہراسانی اور زیادتی سمیت تمام جرائم پر زیرو ٹالرنس کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں