پولیس مقابلے میں بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کے دو ارکان ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک
قصور: (دنیا نیوز) تھانہ سرائے مغل کے علاقہ ہنجرائے کلاں کے قریب پولیس مقابلہ میں بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کے 2 ارکان حملہ آور ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گئے۔
ہلاک ہونیوالے دونوں ڈاکو رشید عرف شیدی کمہار اور شرافت عرف شوکی ضلع قصور، لاہور، شیخوپورہ اور ننکانہ میں ڈکیتی، راہزنی اور مویشی چوری کے 40 سے زائد مقدمات میں ملوث مجرم اور اشتہاری تھے۔
تھانہ سرائے مغل پولیس زیر حراست دونوں ڈاکوؤں کی نشاندہی پر ہمرائی ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے جا رہی تھی، ڈاکوؤں کے 4 ساتھی پولیس حراست سے چھڑانے کی نیت سے ہنجرائے کلاں کے قریب پولیس پارٹی پر حملہ آور ہو گئے۔
حملہ آور ملزمان کی فائرنگ سے زیر حراست دونوں ڈاکو ہلاک ہو گئے جبکہ حملہ آور ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے بھاگ جانے میں کامیاب ہو گئے۔
ڈی پی او قصور محمد عیسیٰ خاں کی ہدایت پر ڈی ایس پی پتوکی کی سربراہی میں حملہ آور ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔