پاکستان اور برطانیہ ادب کے حوالے سے بہت زرخیز ہیں: جین میریٹ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ ادب کے حوالے سے بہت زرخیز ہیں۔

دسویں اسلام آباد لٹریچر فیسٹیول افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ اسلام آباد فیسٹیول کا حصہ بننے پر خوشی ہے، پاکستان کے پاس بہت ٹیلینٹ ہے، جس کو اب تک پذیرائی نہیں ملی۔

جین میریٹ نے کہا کہ پاک برطانیہ ٹیسٹ سیریز سے تعلقات کو مزید وسعت ملی، 200 سے زائد لوگ برطانیہ سے سیریز دیکھنے پاکستان آئے، برطانیہ سیریز ہارا اس پر افسوس ہے مگر سیریز کے انعقاد پر خوشی ہے، پاکستان میں ہمیں بہت محبت ملتی ہے۔

برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ بات چیت ضروری ہے، بات چیت سے ہی معاملات بہتری کی طرف جاتے ہیں، پاکستان میں تعلیم کیلئے برطانیہ پاکستان کو بڑے پیمانے پر تعاون فراہم کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بڑی تعداد میں بچے سکول نہیں جاتے اور جو جاتے ہیں ان کی بڑی تعداد کو معیاری تعلیم میسر نہیں، پاکستان میں تعلیم کے فروغ اور تعلیمی معیار بہتر بنانے کیلئے ہم صوبائی حکومتوں کےساتھ بھی کام کر رہے ہیں۔

جین میریٹ نے مزید کہا کہ پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کیلئے بھی برطانیہ پاکستان کو تعاون فراہم کر رہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں