موسیٰ خیل میں چوری کے شبے میں انگاروں پرچلنے والے افراد کو دھمکیاں ملنے لگیں
کوئٹہ: (دنیا نیوز) موسیٰ خیل میں چوری کے شبے میں انگاروں پر چلنے والے افراد کو دھمکیاں ملنے لگیں۔
موسیٰ خیل میں چوری کے شبے میں انگاروں پرچلنے والے افراد نے ویڈیو بیان جاری کر دیا، جس میں کہا گیا کہ مقامی سرداروں کی جانب سے دھمکیاں مل رہی ہیں۔
ویڈیو بیان میں کہا گیا کہ آواز اٹھانے پر نقصان کی دھمکیاں دی جا رہی ہے، ہمارے ساتھ زیادتی ہوئی ہے، ہمیں زبر دستی انگاروں پر چلا یا گیا ہے، سرکار ہمارا ساتھ نہیں دے رہی ہے۔
متاثرین نے ویڈیو بیان میں کہا کہ ہم اس وقت جنگل میں موجود ہیں، ہماری شنوائی نہیں ہو رہی ہے، ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے۔
انہوں نے وزیر اعلیٰ بلو چستان سے مطالبہ کیا کہ ہماری ان سے جان چھڑوائی جائے، جرگے کے سربراہان کے کہنے پر ہمیں انگاروں پر چلایا گیا۔
ویڈیو بیان میں کہا گیا کہ گلہ جان نامی شخص کہہ رہا ہے کہ وہ ہمیں نہیں چھوڑے گا، ہم پر مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے، اس وقت ہم جنگل میں چھپے ہوئے ہیں۔
متاثرین نے ویڈیو بیان میں کہا کہ ہمارے گھروالوں کو بھی پکڑا ہوا ہے، خوف کے باعث جنگل میں پناہ لئے بیٹھے ہیں۔