معطل ایس ایچ او قابل بھیو نے متاثرہ شہری سمیت 51 افراد کیخلاف مقدمہ درج کرا دیا
گھوٹکی: (دنیا نیوز) حوالات میں ملزم کو برہنہ کرکے ویڈیو بنانے والے معطل ایس ایچ او قابل بھیو نے خود مدعی بن کر شہری سمیت 51 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا۔
معطل ایس ایچ او قابل بھیو پیکا ایکٹ کے تحت درج مقدمے میں ضمانت منسوخی پر عدالت سے فرار ہونے لگا، فرار کی کوشش کے دوران شہریوں نے معطل ایس ایچ او کو پکڑ لیا۔
شہریوں کے پکڑنے پر معطل ایس ایچ او نے متاثرہ شہری سمیت 51 افراد کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا، پولیس نے تذلیل کا نشانہ بننے والے شہری سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ضمانت منسوخ ہونے کے باوجود پولیس نے ملزم ایس ایچ او قابل بھیو کو گرفتار نہیں کیا۔
قابل بھیو پر تھانہ آندل سندرانی کی حوالات میں شہری کو برہنہ کرکے ویڈیو ریکارڈ کرنے کا الزام ہے، شہری ملہن شر کی برہنہ ویڈیو مخالف وڈیرے کو بھیجنے کا بھی الزام ہے۔
انکوائری کے بعد ایس ایس پی گھوٹکی نے قابل بھیو کو معطل کرکے دو مقدمات درج کرنے کی ہدایت کی تھی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments