کراچی میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق، فوٹیج سامنے آ گئی
کراچی:(دنیا نیوز) شہر قائد میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا جب کہ واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج دنیا نیوز نے حاصل کرلی۔
خونریز واقعہ گلستان جوہر بلاک 13 کے قریب پیش آیا جہاں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مقتول امتیاز تیزی سے سڑک عبور کرتا ہے اور سڑک پار کرتے ہی کنارے پر کھڑی ایک گاڑی کے قریب گر جاتا ہے۔
فائرنگ کی آواز سنتے ہی قریب موجود افراد اپنی جان بچانے کے لیے بھاگتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں، فوٹیج میں چند سیکنڈ بعد ایک موٹر سائیکل سوار کو بھی تیزی سے گزرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا تھا کہ فائرنگ موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم مسلح ملزمان نے کی، فائرنگ کے نتیجے میں امتیاز کو ایک گولی لگی جبکہ قریب کھڑی گاڑی پر بھی دو گولیاں لگیں۔
پولیس کا کہنا تھا کہ جاں بحق ہونے والا امتیاز گھر سے روٹی لینے نکلا تھا جب کہ واقعہ کی مزید تفتیش شروع کردی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments