معروف لوک گلوکار الن فقیر کو دنیا سے رخصت ہوئے 24 برس بیت گئے

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان کے مایہ ناز لوک گلوکار الن فقیر کو دنیا سے رخصت ہوئے 24 برس بیت گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق معروف سندھی لوک گلوکار الن فقیر کا تعلق صوبہ سندھ کے ضلع دادو سے تھا، انہوں نے صوفیانہ کلام گا کر روایتی لوک گلوکاری کو ایک نیا انداز دیا، الن فقیر نے گلوکاری کے ساتھ ساتھ سندھ کے روایتی ثقافتی پہناوے کو بھی دنیا بھر میں متعارف کروایا۔

گلوکار الن فقیر کی پرفارمنس کا انداز منفرد اور والہانہ تھا، ان کی گلوکاری کا بڑا حصہ سندھی زبان پر مشتمل ہے مگر ان کے اردو میں گائے ہوئے گیت بھی ریکارڈ توڑ مقبولیت کمانے میں کامیاب رہے۔

1980ء میں حکومت نے فنکارانہ صلاحیتوں کے اعتراف میں الن فقیر کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے نوازا، چار جولائی 2000ء کو الن فقیر 68 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کر گئے مگر ان کی آواز آج بھی لوک موسیقی کے دلدادہ افراد کے کانوں میں گونج رہی ہے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں