نصرت فتح علی خان سے ملاقات میری منزل تھی، یہ غیبی مدد جیسا لمحہ تھا: اے آر رحمان

لاہور: (ویب ڈیسک) عالمی شہرت یافتہ موسیقار اور گلوکار اے آر رحمان نے کہا ہے کہ لیجنڈری پاکستانی قوال نصرت فتح علی خان سے ملاقات ان کی زندگی کا ایک غیرمعمولی اور روحانی تجربہ تھا، جو کسی غیبی مدد سے کم نہیں۔

ایک برطانوی نجی چینل کے خصوصی انٹرویو میں آسکر ایوارڈ یافتہ بھارتی موسیقار اے آر رحمان نے قوالی کے بے تاج بادشاہ نصرت فتح علی خان کی فنی عظمت اور شخصیت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان سے ملنا جیسے ان کی منزل تھی۔

اے آر رحمان نے بتایا کہ انہیں یہ اعزاز حاصل ہوا کہ انہوں نے نصرت فتح علی خان کے ساتھ گانا ریکارڈ کروایا، تاہم افسوسناک طور پر وہ ریکارڈنگ کے صرف ایک ماہ بعد اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔

گفتگو کے دوران میزبان نے سوال کیا کہ اگر اس وقت نصرت فتح علی خان سے ملاقات نہ ہوتی تو شاید پھر کبھی یہ موقع نہ مل پاتا؟ اس پر اے آر رحمان نے جواب دیا کہ غالباً ایسا ہی ہوتا، کیونکہ جب نصرت صاحب ممبئی آئے تو انہوں نے ان سے بے شمار چیزیں سیکھیں، وہ بلا جھجک ان کے کمرے میں چلے گئے اور اس لمحے کو اپنے لیے ایک کھلا دروازہ قرار دیا۔

اے آر رحمان کے مطابق اس وقت رات کا ایک بج رہا تھا، نصرت فتح علی خان آئے، بیٹھے اور پھر جیسے ہر دروازہ خود بخود کھلتا چلا گیا، ہارمونیم آگیا، طبلہ آگیا اور انہوں نے مجھے قوالی کی باریکیاں سکھائیں۔

میزبان نے سوال کیا کہ کیا آپ کو یاد ہے وہ کون سی قوالیاں تھیں، اے آر رحمان نے بتایا کہ وہ مشہور قوالی ’تو کجا من کجا‘ تھی، اس موقع پر انہوں نے پروگرام میں یہ قوالی گا کر بھی سنائی جس نے ناظرین کو مسحور کردیا۔

اے آر رحمان نے کہا کہ نصرت فتح علی خان نہ صرف ایک عظیم فنکار تھے بلکہ ان کی موجودگی خود ایک درسگاہ تھی، جہاں سے سیکھنا کسی نعمت سے کم نہیں تھا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں