نیلم منیر کے ہاں ننھے مہمان کی آمد کی چہ مگوئیاں، تصاویر وائرل

دبئی: (ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ نیلم منیر ایک بار پھر سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔

اس بار وجہ ان کا کوئی نیا ڈرامہ یا فلم نہیں بلکہ ان کی حالیہ عوامی تقریب میں شرکت ہے، جس کے بعد مداحوں کے درمیان خوشخبری سے متعلق چہ مگوئیاں زور پکڑ گئی ہیں۔

نیلم منیر نے کم عمری میں اپنے فنی سفر کا آغاز کیا تھا اور بعد ازاں پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی صفِ اول کی اداکاراؤں میں جگہ بنائی، اداکارہ شادی کے بعد زیادہ تر دبئی میں مقیم ہیں، وہ ان دنوں شوبز سرگرمیوں سے نسبتاً دور ہیں اور صرف چند تقریبات یا خصوصی مواقع پر ہی عوامی طور پر نظر آتی ہیں۔

حال ہی میں اداکارہ ایک تقریب میں شاہی نیلے رنگ کے لباس میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے افتتاحی ربن کاٹا اور مداحوں سے ملاقات بھی کی، تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے اندازے لگانا شروع کردیے کہ شاید اداکارہ اپنے پہلے بچے کی منتظر ہیں۔

تقریب کے دوران نیلم منیر نہایت پُراعتماد اور خوشگوار انداز میں نظر آئیں، انہوں نے شرکاء سے ملاقات کی، تصاویر بنوائیں اور مداحوں کے ساتھ بھرپور وقت گزارا، سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز کے بعد صارفین کی بڑی تعداد نے ان کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کرنا شروع کر دیا۔

تاہم اداکارہ یا ان کے اہلِ خانہ کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا، جس کے باعث یہ خبریں فی الحال قیاس آرائیوں تک محدود ہیں، اس کے باوجود مداحوں کی جانب سے نیلم منیر کو مبارکبادیں اور دعائیں دینے کا سلسلہ جاری ہے اور بہت سے صارفین ان کی زندگی کے اس ممکنہ نئے مرحلے پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔

نیلم منیر کی خاموشی نے اگرچہ تجسس میں اضافہ کر دیا ہے، لیکن مداح اب بھی ان کی جانب سے کسی باضابطہ اعلان کے منتظر ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں