کراچی: لیاقت آباد میں فرنیچر کے کارخانے میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا

پاکستان

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں فرنیچر کے کارخانے میں آتشزدگی پر تین گاڑیوں کی مدد سے آگ پر قابو پا لیا گیا۔ تھانہ عزیز بھٹی کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

کراچی کے علاقے لیاقت آباد غوثیہ بیکری کے قریب فرنیچر کے کارخانے میں آگ لگ گئی۔ فائر برگیڈ کی تین گاڑیوں نے قابو پایا۔ آتشزدگی کے باعث کارخانے میں موجود سارا فرنیچر جل کر خاکستر ہو گیا تاہم آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہ ہوسکیں۔ دوسری جانب تھانہ عزیز بھٹی کی حدود پارک کے قریب ڈاکووں کی شہریوں سے لوٹ مار کے دوران پولیس اور ڈاکو آمنے سامنے، مقابلے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار جبکہ دوسرا فرار ہو گیا۔

ادھر شاہراہ نورجہاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین منشیات فروشوں کو منشیات سمیت گرفتار کرلیا، بھاری تعداد میں چھالیہ گٹکا اور چرس برآمد ہوئی۔ کیماڑی آئل ٹرمینل میں گزشتہ روز آگ لگنے کے واقعے کا مقدمہ جیکسن تھانے میں درج کرلیا گیا جس میں پی ایس او کمپنی اور کنٹریکٹر کو نامزد کیا گیا ہے۔ مقدمہ میں قتل بل سبب اور لاپرواہی کی دفعات شامل ہیں۔

کورنگی چمڑا چورنگی کے قریب ٹرالر کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت نہ ہو سکی۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں